• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشاورت سے نائب کپتان لگایا، جسے باہر بٹھا دیا گیا: نجم سیٹھی

فوٹو: سوشل میڈیا
فوٹو: سوشل میڈیا

چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ مشاورت کے بعد نائب کپتان لگایا تھا، جسے میدان سے باہر بٹھا دیا گیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ کپتان بابر اعظم پر کوئی خوف نہیں ہے، وہ تاریخ کے بہترین بیٹرز میں ایک ہے، میں نے تو الگ کرنے کی بات کی ہی نہیں، یہ ابھی پری میچور بات ہو گی، یہ سب افواہیں دوسرے لوگوں کی طرف سے آئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق میں کپتان، کوچ اور چیف سلیکٹر لگا سکتا ہوں، میں نے مشاورت کے بعد نائب کپتان لگایا تھا، میں اب کوئی تنازع نہیں بنانا چاہتا، شاہد میرے بڑے اچھے دوست ہیں۔

نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ سلیکٹرز نے اپنا ہوم ورک کیا ہوتا ہے، میں نے دستخط کرنا ہوتے ہیں، اگر کسی کو اعتراض ہو تو بات ہوتی ہے، میں مداخلت نہیں کرتا، میں نے بھی اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کے حوالے سے سخت مؤقف لیا تھا۔

نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کی میٹنگ نہیں ہو رہی تھی، ایشین کرکٹ کونسل کا چار فروری کو بحرین میں اجلاس ہو گا، ہم نے اے سی سی کے فیصلوں کو چیلنج بھی کیا تھا، میں ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں جاؤں گا۔

پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ افغانستان کرکٹ بورڈ کے عہدیداران سے ملاقات ہوئی ہے، افغانستان کرکٹ بورڈ نے تین میچز کی پیشکش کی تھی۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم نے افغان بورڈ کو کہا تھا کہ ان میچز کا فائدہ نہیں نہ پوائنٹس ملیں گے، اب طے پایا ہے کہ حکومت کی رضامندی کے بعد سیریز ہو گی، 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز شارجہ میں ہو گی۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ پی سی بی اور افغانستان کرکٹ بورڈز ریونیو شیئر کریں گے، مجھے امید ہے کہ حکومت کی جانب سے ہمیں اجازت مل جائے گی، ندا ڈار، محمد رضوان اور حارث رؤف آئی سی سی ٹیموں میں شامل ہوئے ہیں یہ اچھی خبر ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ مکی آرتھر کا باب بند نہیں کیا تھا، اب بھی ان سے میرا رابطہ ہے، 90 فیصد معاملہ حل ہو چکا ہے، مجھے امید ہے کہ مکی آرتھر جلد ہماری ٹیم کا حصہ ہوں گے، مارک کولز ابھی نمیبیا کے ساتھ مصروف ہیں، وہ بھی جلد ہمیں جوائن کر لیں گے۔

چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے یہ بھی کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف دس وائٹ بال میچز کی ہوم سیریز شیڈول کے مطابق ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید