قرآن پاک کی بے حرمتی کرکے اربوں مسلمانوں کے جذبات مجروح کئے گئے (رہنما مرکزی جماعت اہلسنت)

January 25, 2023

لوٹن( نمائندہ جنگ) مرکزی جماعت اہلسنت یوکے اینڈ اوورسیز ٹرسٹ کے بانی اور سرپرست اعلیٰ مفکر اسلام علامہ ڈاکٹر پیرسید عبدالقادر گیلانی نے کہاکہ قرآن پاک کتاب ہدایت ،کتاب نور، کتاب انقلاب، آخری آسمانی صحیفہ ہے جو اللہ کریم نے اپنے پیارے نبی و رسول خاتم الانبیاء والمرسلینﷺ کو پوری انسانیت کی ہدایت اور رہنمائی کیلئے عطا کی ہے، اس کی بے حرمتی کسی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی، اس حرکت سے کروڑوں اہل اسلام کے جذبات کو مجروح کیا گیا ہے۔ جماعت کے سرپرست دربار عالیہ علی پور سیداں شریف کے سجادہ نشیں مہر ملت جانشین امیر ملت صاحبزادہ پیر سید منور حسین جماعتی نےکہا کہ اسلام دشمن قوتیں اسلام، داعی اسلام اور قرآن مجید کی توہین کرکے ملت اسلامیہ کے جذبات کو مجروح کرکے پوری دنیا کیلئے بدامنی پھیلانے کی مذموم حرکتیں کرتے رہتے ہیں جس سے نمٹنے کیلئے امت مسلمہ کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مرکزی جماعت اہلسنت کے مرکزی صدر علامہ صاحبزادہ سید مظہرحسین گیلانی نے کہاکہ آنے والے جمعۃ المبارک کو برطانیہ بھر کی مساجد میں اجتماعی طور پر قرارداد مذمت پیش کرنا ہوگی اورتمام علما، مشائخ، آئمہ مساجد اور منتظمین مساجدسے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بھرپوراحتجاج کرکے اپنی مذہبی و ملی ذمہ داریوں کوپوراکریں۔ جماعت کے جنرل سیکرٹری خطیب ملت قاضی عبدالعزیز چشتی ایم بی ای نے قرارداد کا متن پڑھ کر سنایا کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے، آزادی اظہار رائے کی آڑ میں اسلام کی مقدس کتاب کی توہین سے اربوں مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی۔ قرآن کی توہین کا عمل احمقانہ، اشتعال انگیز اوراسلاموفوبک ہے، انہوں نے کہا کہ یہ غیر اخلاقی واقعہ بلاوجہ اشتعال انگیزی اور دنیا کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کا عمل ہے،قابل مذمت عمل بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ اصولوں اور آزادی اظہار رائے کے جائز اظہار کے اصولوں کے منافی ہے، آزادی اظہار رائے ،نفرت انگیز تقاریر اور لوگوں کو تشددپراکسانے کی اجازت نہیں دیتی، انہوں نے مزید کہا کہ اس گھناؤنے فعل نے مسلمانوں کو ان کی مقدس اقدارکی توہین کرکے دکھ پہنچایا ہے،یہ عمل دنیا میں اسلاموفوبیائی خطرناک سطح کوظاہر کرتاہے، عالمی برادری اسلامو فوبیا کے خلاف مشترکہ عزم کامظاہرہ کرے ، انتہا پسنداور بنیاد پسند عناصر کو نفرت پھیلانے کی اجاز ت نہیں دی جائے گی ۔ مرکزی جماعت اہلسنت کے ترجمان علامہ پیرزادہ انور حسین کاظمی، علامہ مفتی محمد خان قادری، علامہ مفتی عبدالرحمٰن نقشبندی، علامہ صاحبزادہ حیدرشاہ ترمذی،علامہ حافظ محمد فاروق چشتی، علامہ نذیر احمد مہروی علامہ محمدارشد جمیل، علامہ غلا م جیلانی الازھری، علامہ قاضی عبدالرشید چشتی،علامہ قاری واجدحسین چشتی، ساجد لطیف قادری،علامہ حسنات احمدالازھری،علامہ انعام الحق قادری، علامہ حافظ اشتیاق حسین، علامہ حافظ عبدالغفورچشتی،علامہ صاحبزادہ محمدرفیق سیالوی،علامہ نیازاحمد صدیقی، علامہ قاری محمدکامران،خلیفہ عبدالرحمٰن ، علامہ قاری شفیق الرحمٰن، صاحبزادہ عتیق الرحمٰن و دیگر علماء نے بھی قرآن پاک کی بے حرمتی کی مذمت کی ہے۔