میں اپنے بیان پر قائم ہوں، پیچھے نہیں ہٹ رہا، فواد چوہدری

January 28, 2023

فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے گرفتار رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ میں کیسے الیکشن کمیشن کو منشی کہنے سے پیچھے ہٹوں؟ میں اپنے بیان پر قائم ہوں، بیان سے پیچھے نہیں ہٹ رہا۔

اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پیشی کے موقع پر فواد چوہدری نے کہا کہ آزادی اظہار رائے پر انکار ہونا تو ملک میں جمہوریت کو ختم کرنے کے مترادف ہے، میں نے اپنا بیان مانا ہے، میرا یہ حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار رائے پر تالا لگانا پاکستان کو برما بنا دینے کے مترادف ہے، اگر عوام طاقت ور لوگوں کو تنقید کرنے سے پیچھے ہٹ جائیں تو یہ جمہوریت نہیں رہتی۔

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عزت اپنے عمل سے پیدا کی جاتی ہے، زبردستی عزت نہیں کرائی جاتی، مجھ پر بغاوت کا مقدمہ بھی دائر کر رہے ہیں، اگر تنقید نہیں لے سکتے تو ایسے عہدے قبول نہ کریں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ مجھ پر چادر ڈال کر اور ہتھکڑیاں لگا کر عدالت لانا مناسب نہیں، میں سپریم کورٹ کا وکیل اور سابق وفاقی وزیر ہوں۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے فواد چوہدری کے مزید جسمانی ریمانڈ کے حوالے سے پولیس کی اپیل پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آدھے گھنٹے تک مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ سنایا جائے گا۔