قومی اسمبلی، ایف نائن پارک واقعے پر اکبر چترالی نے کیا کہا؟

February 06, 2023

جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی نے کہا ہے کہ حکومت وفاقی دارالحکومت میں اپنی رٹ قائم کرنے میں ناکام رہی ہے۔

قومی اسمبلی اجلاس میں مولانا عبدالاکبر چترالی نے اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں رونما ہوئے دردناک واقعے پر ایوان کی توجہ مبذول کروائی۔

انہوں نے کہا کہ ایف نائن پارک حساس جگہ ہے، وہاں سیکیورٹی کیوں نہیں تھی، پارک میں ایک بچی کے کپڑے پھاڑے گئے اور زیادتی کی گئی۔

رکن قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ ایوان میں پوچھنا چاہتا ہوں حکومت اپنی رٹ قائم کرنے میں کیوں ناکام ہوئی، اسلام آباد میں یہ ہو رہا ہے تو باقی علاقوں کا کیا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد پولیس واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف فوری کارروائی کرے۔

اس پر ڈپٹی اسپیکر نے رولنگ دی کہ آئی جی اسلام آباد 24 گھنٹے کے اندر ایوان کو رپورٹ دیں۔