سپر ٹیکس کا دائرہ وسیع کرنےسے صنعتی و کاروباری شعبے پر دباؤ بڑھےگا

June 16, 2016

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے صدر زاہد سعید نے کہا ہے کہ سپر ٹیکس کا دائرہ وسیع کرنے سے تاجر و صنعت کار برادری پر ٹیکسوں کے بوجھ میں مزید اضافہ ہوگا۔ انھوں نے کہا سپر ٹیکس کے لیے انفرادی اور کمپنی کی آمدن کی حد کم کرنے سے جہاں اس ٹیکس کا دائرہ وسیع ہوگا وہیں مجموعی طور پر مسائل کا شکار صنعتیں اور دیگر کاروباری شعبے پر بھی دباؤ میں اضافہ ہوجائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اس وعدے کے برخلاف نہ صرف اس ٹیکس کی مدت میں توسیع کررہی ہے بلکہ اس کا دائرہ وسیع کرنے کے لیے آمدن کی حد بھی کم کردی گئی ہے، حکومت کو اپنا وعدہ پورا کرنا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ مضبوط دفاع، ملک میں معاشی اور داخلی استحکام ، غربت کے خاتمے اور روزگار کی فراہمی کے لیے صنعتوں اور برآمدات کے شعبے کو درپیش مسائل دور کرنے کے لیے جامع پالیسی کی ضرورت ہے، وفاقی حکومت اگر خود اپنے کیے ہوئے وعدے پوری نہیں کرے گی تو ملک کی معاشی پالیسیوں کے اعلانات پر آئندہ کاروباری برادری کا اعتبار کس طرح قائم رہ سکے گا اور اس نتیجے میں پیدا ہونے والی بے یقینی کا براہ راست اثر معاشی سرگرمیوں پر پڑے گا۔ زاہد سعید نے کہا کہ ٹیکسوں سے متعلق ہونے والی کسی بھی پالیسی سازی یا پہلے سے موجود قوانین میں ترمیم کے لیے تاجر و صنعت کار برادری کو مشاورتی عمل میں بامعنی نمائندگی دی جائے اور ان کی تجاویز کو پالیسیوں کا حصہ بنایا جائے۔