کراچی، نوجوان کی فائرنگ سے اسٹریٹ کرمنل زخمی، ساتھی کے ساتھ فرار

March 10, 2023

اسکرین گریب، فائل فوٹو

کراچی میں نیو کراچی فائیو ایل کے علاقے میں گھر کے باہر بیٹھے نوجوانوں سے موٹرسائیکل سوار 2 ملزمان کی لوٹ مار، متاثرہ نوجوان نے فرار ہوتے ہوئے ڈاکوؤں پر فائرنگ کردی جس سے ایک ملزم زخمی ہوگیا اور زخمی حالت میں ساتھی کے ساتھ موٹر سائیکل پر فرار ہوگیا۔

فائیو ایل میں شہری نے اسٹریٹ کرمنلز سے مقابلہ کیا، شہری کی فائرنگ سے اسٹریٹ کرمنل زخمی ہوا تاہم وہ ساتھی کے ہمراہ موٹرسائیکل پر فرار ہوگیا، واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔

ویڈیو میں دیکھا گیا ہے کہ گھر کے باہر 4 نوجوان بیٹھے باتیں کررہے ہیں کہ اس دوران موٹرسائیکل سوار 2 اسٹریٹ کرمنل آکر رکتے ہیں، دونوں ملزمان کے پاس پستول ہیں۔

ملزمان اسلحہ کے زور پر شہریوں سے موبائل فون، نقد رقم اور دیگر اشیاء جمع کرتے ہیں، ملزمان موٹر سائیکل پر بیٹھ کر فرار ہوئے تو ایک نوجوان اپنے پستول سے ان پر فائرنگ کردیتا ہے۔

فائرنگ کرنے والے نوجوان نے بتایا کہ ایک ملزم کو تین گولیاں لگی ہیں، ساتھی کے ساتھ موٹر سائیکل پہ بیٹھا ملزم زخمی حالت میں فرار ہوگیا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بھی ملزمان خاتون سے پرس چھین کر فرار ہوئے تھے۔