آسٹریلیا نے دوسرے ون ڈے میں بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دیدی

March 19, 2023

فوٹو بشکریہ کرک انفو

آسٹریلیا نے دوسرے ون ڈے میں بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔

وشا کھاپٹنم میں کھیلے جانیوالے دوسرے ون ڈے میں بھارت کو شکست دینے کے بعد آسٹریلیا نے تین ون ڈے میچز کی سیریز ایک، ایک سے برابر کردی۔ سیریز کا فیصلہ کن میچ 22 مارچ کو کھیلا جائے گا۔

بھارت کی جانب سے دیے گئے 118 رنز کا ہدف آسٹریلیا نے 11ویں اوور میں باآسانی حاصل کرلیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل مارش 66 اور ٹراوس ہیڈ نے 51 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلیں۔

بھارتی ٹیم آسٹریلیا کی تباہ کن بولنگ کے سامنے نہ ٹک سکی اور پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 26 اوور میں 117 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔

بھارت کی طرف سے ویرات کوہلی 31 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ اکسر پٹیل 29، جڈیجا 16 اور روہیت شرما نے 13رنز بنائے۔

آسٹریلیا کے مچل اسٹارک نے 5 وکٹیں حاصل کیں، شان ایبٹ 3 اور نیتھن ایلیس نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران وائٹ بال کرکٹ میں یہ بھارت کے خلاف کسی بھی ٹیم کی تیسری مرتبہ 10 وکٹوں سے فتح ہے۔

2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان، 2022 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں انگلینڈ نے بھارت کو 10 وکٹوں سے ہرایا تھا۔