جیا بچن، مادھوری ڈکشٹ کی حمایت میں سامنے آگئیں

March 29, 2023

فائل فوٹو

معروف بھارتی اداکارہ اور سیاستدان جیا بچن نیٹ فلکس شو’دی بگ بینگ تھیوری‘ کے سیزن 2 میں مادھوری ڈکشٹ کے لیےتضحیک آمیز الفاظ کا استعمال کرنے پر برہم ہوگئیں۔

جیا بچن نے نیٹ فلکس کے شو میں تضحیک آمیز الفاظ کے استعمال کے بارے میں سننے کے بعد مادھوری ڈکشٹ کی حمایت میں کہا کہ’کیا یہ شخص پاگل ہے، اس کی بڑی ہی گندی زبان ہے، اسے پاگل خانے میں بھیجنے کی ضرورت ہے اور اس کے اہل خانہ سے بھی پوچھا جائے کہ وہ ایسے تضحیک آمیز کے بارے میں کیا سوچتے ہیں‘۔

جیا بچن کے علاوہ ارمیلا ماٹونڈکر نے بھی اس نازیبا تبصرے پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ’مجھے اس شو کے بارے میں کوئی اندازہ نہیں ہےتو اس لیے مجھے کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہیئے، لیکن اگر یہ سچ ہے تو یہ اشتعال انگیزی سے بھی بالاتر ہے اور انتہائی سستی ذہنیت کو ظاہر کرتا ہے، مزاحیہ تو بالکل نہیں ہے‘۔

واضح رہے کہ اس شو کی پہلی قسط کے ایک سین میں ایشوریا رائے کا موازنہ مادھوری ڈکشٹ سے کرتے ہوئے یہ کہا جاتا ہے کہ ایشوریہ رائے تو غریبوں کی مادھوی ڈکشٹ ہے اور مادھوری ڈکشٹ تو۔۔۔۔۔۔۔ ہیں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، نیٹ فلکس کو اب ایک قانونی نوٹس بھیجا گیا ہے جس میں شو ’دی بگ بینگ تھیوری‘ کی اس قسط کو ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔