پریانکا چوپڑا کے بعد بھارتی گلوکار بھی بالی ووڈ ’پاور گیم‘ کیخلاف بول پڑے

March 29, 2023

فائل فوٹو

عالمی شہرت یافتہ بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کے بعد اب بھارتی گلوکار امل ملک بھی بالی ووڈ انڈسٹری میں موجود ’پاور گیم‘ کے خلاف بول پڑے۔

حال ہی میں پریانکا چوپڑا نے انکشاف کیا ہے کہ بالی ووڈ میں کچھ لوگ ایسے ہیں جنہوں نے انہیں انڈسٹری میں کام نہیں کرنے دیا اور ان کے لیے مشکلات کھڑی کیں۔

امل ملک نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر پریا نکا کے مذکورہ انٹرویو کے بارے میں شائع ہونے والی خبر پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔

اُنہوں نے لکھا کہ ’یہ وہ چیز ہے جس کا میں روزانہ کی بنیاد پر سامنا کرتا ہوں اور پھر میرے مداح مجھ سے پوچھتے ہیں کہ میں زیادہ بالی ووڈ فلمیں کیوں نہیں کرتا؟ خیر اب اس انٹرویو کے بعد اُنہیں پتہ چل گیا ہے‘۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ’بالی ووڈ میں موجود پاور گیم کی حقیقت کو سامنے لانے کی ضرورت ہے‘۔

امل ملک نے اپنے ٹوئٹ کے آخر میں پریانکا چوپڑا کے ساتھ ہونے والی سلوک پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔

اُنہوں نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ’میرے بارے میں تو لوگ یہ بھی کہتے ہیں کہ میں اقربا پروری کی پیداوار ہوں اور میرے لیے انڈسٹری میں کام کرنا آسان ہے‘۔