ہانیہ عامر کی اداکاری سے ڈرامہ شائقین کو چِڑ ہونے لگی

March 29, 2023

فائل فوٹو

پاکستانی خوبرو، چلبلی اداکارہ ہانیہ عامر کے روتے دھوتے کرداروں اور اداکاری سے ڈرامہ شائقین اُکتائے نظر آ رہے ہیں۔

صرف ہانیہ عامر کی خوبصورتی کے سبب ہی ڈرامہ دیکھنے والے مداح اب ہانیہ عامر کی اداکاری سے بیزار ہونے لگے ہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری تبصروں کے مطابق ڈرامہ شائقین اب ہانیہ عامر کو مزید روتا دھوتا یا گھسی پٹی اداکاری کرتے دیکھنے کے بجائے اب اُنہیں اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔

نجی ٹی وی چینل پر نشر ہونے والا ڈرامہ سیریل ’مجھے پیار ہوا تھا‘ اس سیزن کے سب سے زیادہ دیکھے جانے والے ڈراموں میں سے ایک ہے، اس ڈرامے میں ہانیہ عامر، وہاج علی اور زاویار نعمان اعجاز کے مدِ مقابل کام کر رہی ہیں۔

اگرچہ یہ کہانی تیزی سے آگے بڑھنے والی تھی مگر ڈرامے کی کہانی میں اچانک سے بریک لگ جانا اور ہانیہ عامر کا بس روتے دھوتے رہنا شائقین کو کچھ خاص نہیں بھا رہا۔

ڈرامہ شائقین کے مطابق ہانیہ عامر اداکار و گلوکار فرحان سعید کے ہمراہ ڈرامہ سیریل ’میرے ہمسفر‘ میں اچھی لگی تھیں، ڈرامہ سیریل ’مجھے پیار ہوا تھا‘ میں اداکاری کر کے ہانیہ عامر نے ڈرامہ ہی فلاپ کر دیا ہے۔