یورپین یونین کا FATF کے بعد پاکستان کے EU لسٹ سے اخراج پر اطمینان کا اظہار

March 30, 2023

فائل فوٹو

یورپین یونین نے پاکستان کو FATF کے فیصلے کے بعد، اس کی EU لسٹ سے اخراج پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

اطمینان کا یہ اظہار یورپین یونین کے پاکستان آفس کی جانب سے اس کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغام میں کیا گیا ہے۔

اپنے اس پیغام میں ڈاکٹر رینا کیونکا کی قیادت میں کام کرنے والے یورپین یونین کے پاکستان آفس نے اپنی خوشی اور اطمینان کے اظہار کے لیے پاکستانی جھنڈے کے ساتھ تالی کا علامتی نشان بناتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان کے لیے ایک اہم مثبت قدم گزشتہ سال کے FATF فیصلے کے مطابق EU نے پاکستان کو منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے حوالے سے زیادہ خطرہ والے ممالک کی فہرست سے نکالنے کا فیصلہ کیا ہے‘۔

یورپین آفس نے اس پیغام کے لیے پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر کو ٹیگ بھی کیا۔

قبل ازیں یورپین یونین کے ادارے یورپین فائنانس نے بھی اپنے جاری کردہ پیغام میں بتایا تھا کہ’یورپین کمیشن، یورپی پارلیمنٹ اور کونسل کے عدم اعتراض کے بعد اعلیٰ خطرے والے تیسرے ملک کے دائرہ اختیار کی تازہ ترین فہرست کو حتمی شکل دینے کا خیرمقدم کرتا ہے، یہ تازہ ترین فہرست مالی جرائم کے خلاف بین الاقوامی جنگ کو تقویت دیتی ہے‘۔

واضح رہے کہ FATF نے تو گزشتہ سال ہی پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال دیا تھا لیکن یورپ کا اپنا ایک اندرونی طریقہ کار ہے جس کے تحت کسی بھی اقدام کو تصدیق کے لیے یورپین کونسل اور یورپین پارلیمنٹ کے سامنے بھی رکھا جاتا ہے اگر ان کی جانب سے کوئی اعتراض نہ کیا جائے تب اس کام کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جاتا ہے۔