صدرِ مملکت نے نیب ترمیمی بل نظرِ ثانی کیلئے پارلیمنٹ کو دوبارہ بھیج دیا

April 30, 2023

صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی—فائل فوٹو

صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قومی احتساب ترمیمی بل 2023ء پارلیمنٹ کو دوبارہ غور کے لیے بھجوا دیا۔

انہوں نے بل آئین کے آرٹیکل 75 ون بی کے تحت پارلیمان کو واپس بھجوایا ہے۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے اس ضمن میں کہا ہے کہ قومی احتساب آرڈیننس 1999ء میں پہلے کی گئی ترامیم سپریم کورٹ میں زیرِ سماعت ہیں۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ بل اور وزیرِ اعظم کی ایڈوائس میں اس پہلو کا حوالہ نہیں دیا گیا۔

صدرِ مملکت کا یہ بھی کہنا ہے کہ قومی احتساب آرڈیننس 1999ء میں مزید ترامیم پر دوبارہ غور کیا جانا چاہیے۔

واضح رہے کہ وزیرِ اعظم نے آئین کے آرٹیکل 75 کے تحت بل توثیق کے لیے صدرِ مملکت کو بھجوایا تھا۔