ایردوان کی کامیابی کا اعلان، اکنا کنونشن ہال نعرہ تکبیر سے گونج اٹھا

May 29, 2023

بالٹی مور (عارف الحق عارف، نمائندہ خصوصی) ترکیہ کے صدارتی انتخابات کے دوسرے راؤنڈ میں صدر طیب ایروان کی کامیابی کا اعلان اکنا کنونشن میں کیا گیا تو پورے ہال میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور ہال تکبیر کے نعروں سے گونج اٹھا۔ اس کا اعلان لیڈر شپ لنچ کے دوران اس وقت کیاگیا جب ترکی میں ۹۸ فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہوچکی تھی اور اردوآن کو اپنے مدمقابل کلچ دار اولو کے مقابلے میں ۵۳ فیصد کی برتری حاصل تھی اور ان کی کامیابی کا اعلان چند گھنٹوں کی دوری پر تھا۔اس وقت اکنا کے صدر ڈاکٹر محسن انصاری تقریر کررہے تھے اور انہوں نے ہی اس کا اعلان کیا تھا اس وقت وہاں ترکی کے سفیر مراد مرجان اور امریکا میں پاکستان کے سفیر سردار مسعود خان اور پاکستان سینٹ کے رکن سینیٹر مشتاق احمد بھی موجود تھے۔ اس لنچ میں امریکا کے مختلف ریاستوں اور شہروں کے کمیونٹی لیڈر اور پروفیشنل شریک تھے۔ ترکی کے سفیر کو اس موقع پر کمیونٹی کے لئے اعلیٰ خدمات پر خصوصی ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔ بالٹی مور میں اکنا کا 48واں تین روزہ کنونشن کا باقاعدہ افتتاح ہو گیا۔ نیویارک میں 1968میں قائم ہونے والے اسلامک سرکل آف نارتھ امریکا (اکنا) کے 2023کا یہ 48واں کنونشن ہے جو امریکا کے مختلف شہروں میں منعقد ہوتے رہے ہیں لیکن گزشتہ ایک عشرے سے اس کے اجلاس بالٹی مور اور واشنگٹن میں ہورہے ہیں۔