پاکستان کی قوم کا افواج پاکستان سے محبت بھرا رشتہ ہمیشہ قائم رہے گا، ہمایوں اختر خان

May 29, 2023

لاہور(نمائندہ جنگ) تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی قوم کا افواج پاکستان سے محبت بھرا رشتہ ہمیشہ قائم رہے گا،حکومت کو جلاؤ گھیرا ؤکے افسوس ناک واقعات سے سیاسی فائدہ حاصل کرنیکی کوشش نہیں کرنی چاہیے،قیام پاکستان سے لے کے آج تک ہمارے خاندان کا پاک فوج سے لازوال تعلق قائم ہے ،شہید اختر عبدالرحمن جس فوج کے جرنیل تھے اس پر ہمیں فخر ہے اور ہمیشہ رہے گا، 1948ء کی جنگ کشمیر ہو یا 1965ء میں دفاع لاہور اور جہاد افغانستان سمیت دہشتگردی کی طویل اور کٹھن جنگ میں ہمارے آفیسرز اور جوانوں نے اپنا لوہا منوایا ہے اور پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ثابت کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قوم نے ہمیشہ افواج پاکستان کا بے انتہا احترام کیا ہے اور مجھے یقین ہے کہ قوم اور اس کے محافظوں کا یہ محبت بھرا رشتہ ہمیشہ قائم رہے گا۔