عالمی امن اور پاکستان

June 01, 2023

اقوام متحدہ کے امن مشن کی 75 ویں سالگرہ پر سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس کی جانب سے امن مہمات میں پاکستان کی خدمات کو خصوصی طور پر خراج تحسین پیش کیا جانا بلاشبہ پوری پاکستانی قوم کیلئے باعث فخر ہے۔ عالمی ادارے کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 2لاکھ20 ہزار سے زیادہ پاکستانی فوجیوں نے دنیا کے 29 ممالک میں اقوام متحدہ کی 46مہمات میں خدمات انجام دی ہیں۔جبکہ مجموعی طور پر 1948 سے اب تک 20 لاکھ سے زیادہ وردی پوش اور سویلین اہلکار عالمی ادارے کی امن مہمات میں سرگرم رہے ہیں۔ پہلے دو امن آپریشن اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ اِن انڈیا اینڈ پاکستان اور مشرق وسطیٰ میں اقوام متحدہ کی جنگ بندی سے متعلق تھے جو آج تک کام کر رہے ہیں۔ سیکریٹری جنرل کے بقول اقوام متحدہ کے امن دستے زیادہ پرُامن دنیا کیلئے ہمارے عزم کا دھڑکتا دل ہیں۔ اپنے پیغام میں پاکستان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک مدت تک اقوام متحدہ کی امن مہمات میں سب سے زیادہ تعاون کرنے والا ملک رہا ہے جو ہر سال 8000 اہلکار امن مشن کے لیے بھیجتا تھا ، مختلف مہمات میں 168پاکستانی فوجی شہید ہوئے جبکہ امن مہمات میں جان کی قربانی دینے والے فوجیوں کی کل تعداد 4000 سے زیادہ ہے۔انتونیو گوتیرس نے ان فوجیوں کے خاندانوں، دوستوں اور ساتھیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہمیشہ عالمی امن کی خاطر ان کی بے لوث لگن سے متاثر رہیں گے۔اس موقع پر پاکستان اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں ایک نمائش کی میزبانی بھی کر رہا ہے جبکہ عالمی ادارے میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم نے اپنے پیغام میں پوری پاکستانی قوم کے موقف اور جذبات کی بھرپور ترجمانی ان الفاظ میں کی ہے کہ اقوام متحدہ کی امن مہمات میں ہمارا سرگرم تعاون بین الاقوامی امن، سلامتی اور استحکام کے اہداف کے لیے ہمارے پختہ عزم کا مظہر ہے۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998