اگلا امریکی صدر کون ہوگا، جاوید اختر نے پیشگوئی کر دی

June 03, 2023

فائل فوٹو

بالی ووڈ کے سینئر اداکار اور معروف شاعر و گیت نگار جاوید اختر نےامریکی انتخابات 2024 کے حوالے سے پیشگوئی کردی۔

ان کا کہنا ہے کہ واحد ڈیموکریٹ جو 2024 میں صدارتی انتخابات جیت سکتا ہے وہ سابق امریکی خاتون اول مشیل اوباما ہیں۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے بھارتی گیت نگار جاوید اختر نے بتایا کہ وہ ان دنوں امریکا میں موجود ہیں اور انہوں نے اس دوران مختلف ریاستوں کا دورہ کیا۔

انہوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں بھارتی لکھاری ہوں جو اس وقت امریکا میں موجود ہے۔ میں مختلف شہروں میں گیا اور بہت سے لوگوں سے گفتگو کی۔ امریکی معاشرے سے تبادلہ خیال کے دوران مجھے اس بات کا یقین ہوگیا ہے کہ واحد ڈیموکریٹ جو اگلے صدارتی انتخابات جیت سکتی ہے وہ مشیل اوباما ہیں۔

خیال رہے کہ اگلے امریکی صدارتی انتخابات نومبر 2024 میں متوقع ہیں۔ اس حوالے سے موجودہ امریکی صدر جوبائیڈن نے پہلے ہی، اپریل میں اعلان کر رکھا ہے کہ وہ نائب صدر کملا ہیرس کے ساتھ دوبارہ انتخابات میں حصہ لیں گے۔

اس کے علاوہ دو ڈیموکریٹس مصنف اور روحانی مشیر ماریان ولیمسن اور رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر، جو ایک مشہور اینٹی ویکسین کارکن اور سابق امریکی صدر جان ایف کینیڈی کے بھتیجے ہیں، نے صدارتی امیدوار کے لئے اپنے نام کا اعلان کیا ہے۔