پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کا دور دور تک نشان نہیں: ملک بوستان

June 07, 2023

—فائل فوٹو

چیئرمین پاکستان فاریکس ایکسچینج ایسوسی ایشن ملک بوستان کا کہنا ہے کہ روز کہا جا رہا ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے گا، خدا کا خوف کریں، ڈیفالٹ کا اتنا ڈھنڈورا نہ پیٹیں، پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کا دور دور تک نشان نہیں۔

میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا ہے کہ ڈالر 315 سے 320 روپے کے درمیان چلا گیا تھا، کریڈٹ کارڈ کی پیمنٹ 10 سے 15 ملین ڈالرز یومیہ تھی۔

ملک بوستان نے کہا کہ ہمارے پاس سپلائی 5 سے 7 ملین ڈالرز ہے، مارکیٹ میں اتنا والیم نہیں تھا، جب ڈالر کی طلب آئی تو نرخ بڑھنے ہی تھے۔

ان کا کہنا ہے کہ وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کو آگاہ کیا کہ بینک کریڈٹ کارڈ ہولڈرز کے لیے ڈالر خرید رہے ہیں، وزیرِ خزانہ نے ہدایت کی کہ کریڈٹ کارڈ کی پیمنٹ بینک ریٹ پر ہو گی۔

چیئرمین پاکستان فاریکس ایکسچینج ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ حج فلائٹس ہیں، عازمینِ حج کے لیے بھی ڈالر کی ڈیمانڈ ہے، حج فلائٹس مکمل ہوں گی، عید پر اوورسیز پاکستانی آئیں گے، ڈالر کا ریٹ گرے گا۔

انہوں نےکہا کہ قوم کسی حال میں خوش نہیں ہوتی، حکومت ڈالر کے ریٹ بڑھاتی ہے تو کہتے ہیں کیوں بڑھا رہے ہیں؟ حکومت ڈالر کے ریٹ نہیں بڑھاتی تو کہتے ہیں نرخ بڑھا کیوں نہیں رہے؟

ملک بوستان کا کہنا ہے کہ ملک میں 10 ارب ڈالرز زرِ مبادلہ موجود ہے، 28 ماہ میں پہلی بار کرنٹ اکاؤنٹ سر پلس ہوا ہے، ڈالر کی قیمت مارکیٹ میں اوپر نیچے ہوتی رہتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے حکومت کو تگنی کا ناچ نچایا ہوا ہے، آئی ایم ایف روز نیا مطالبہ کرتا ہے، ان کی وجہ سے پینیک آیا ہوا ہے، 6 ماہ سے ڈیڈ لاک ہے۔

چیئرمین پاکستان فاریکس ایکسچینج ایسوسی ایشن ملک بوستان نے یہ بھی کہا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف نے بھی بات کر لی، لیکن آئی ایم ایف کی میں نہ مانوں والی بات ہے، اب اللّٰہ کا شکر ہے انہوں نے کہا ہے کہ اسٹاف لیول کی میٹنگ ہونے والی ہے۔