بیرون ملک سے رقم بھیجنے والوں کیلئے مراعات کا فیصلہ

June 09, 2023

وفاقی حکومت نے بیرون ملک سے رقم بھیجنے والوں کو مراعات دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ترسیلات زر کو فروغ دینے کیلئے مراعات دی جارہی ہیں، ترسیلات زر کے ذریعے غیر منقولہ جائیداد خریدنے پر 2 فیصد ٹیکس ختم کیا جارہا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ریمٹنس کارڈ کی کیٹیگری میں ایک نئے ڈائمنڈ کارڈ کا اجرا کیا جا رہا ہے، سالانہ 50 ہزار ڈالر سے زائد ترسیلات زر بھیجنے والوں کو ڈائمنڈ کارڈ جاری ہوگا۔

وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ ڈائمند کارڈ رکھنے والے کو پاکستانی ایئرپورٹس پر فاسٹ ٹریک امیگریشن کی سہولت ملے گی۔

اسحاق ڈار نے یہ بھی کہا کہ ڈائمنڈ کارڈ پر ایک غیر ممنوعہ بور لائسنس جاری کیا جائے گا، ڈائمنڈ کارڈ پر گریٹس پاسپورٹ اور سفارتخانوں میں ترجیحی رسائی ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریمٹنس کارڈ ہولڈرز کو قرعہ اندازی کے ذریعے بڑے انعامات دینے کی اسکیم کا اجرا ہوگا۔