کھلاڑی نہ کوچ، ایشیا کپ ٹرافی اٹھانے والا یہ کون ہے؟

September 18, 2023

فائل فوٹو

ایشیا کپ کے فائنل میچ میں بھارت سری لنکا کو 10 وکٹوں سے شکست دے کرآٹھویں مرتبہ ایشین چیمپئن بن گیا۔

گزشتہ روزکولمبو کے پریماداسا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کو صرف 51 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا، بھارتی ٹیم نے ہدف ساتویں اوور کی پہلی گیند پر حاصل کیا تھا۔

فائنل میچ جیتنے کے بعد تقریب کے دوران کئی بھارتی کھلاڑیوں نے ایشیا کپ کی ٹرافی کو اٹھایا، سب سے پہلے جس کھلاڑی نے ٹرافی کو اٹھایا وہ 20 سالہ تلک ورما تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ میں روایت ہے کہ سب سے کم عمر کھلاڑی کو سب سے پہلے ٹرافی اٹھانے کا موقع دیا جاتا ہے، ان کے بعد ایک ایسے شخص نے ٹرافی کو اٹھایا جو نہ تو کھلاڑی تھا اور نہ ہی کوچ۔

تلک ورما کے بعد ایشیا کپ کی ٹرافی رگھو راگھویندر نے اٹھائی، جو تھرو ڈاؤن کے ماہر ہیں، وہ نیٹ پر بھارتی کھلاڑیوں کو تھرو کے ذریعے پریکٹس کراتے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت کے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی تھرو ڈاؤن ماہرین کی پہلے تعریف کر چکے ہیں، انہوں نے کہا تھا کہ کریڈٹ ان لڑکوں کو جاتا ہے، جنہوں نے ہمیں باقاعدگی سے پریکٹس کروائی۔