پرویز الہٰی کی جیل کے باہر بیٹھا شخص کون ہے؟ عدالت کا پتہ لگانے کا فیصلہ

September 22, 2023

پرویز الہٰی—فائل فوٹو

انسدادِ دہشت گردی کی عدالت اسلام آباد کے جج نےپرویزالہٰی کی جیل کے باہر بٹھائے گئے اجنبی شخص سے متعلق پتہ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کوجوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

دورانِ سماعتاے ٹی سی جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے استفسار کیا کہضمانت منظور ہو چکی ہے، کیا مچلکے جمع نہیں کروائے؟ مچلکے جمع کروا دیں، اگر کہتے ہیں تو کیش کا آپشن دے دیتا ہوں، پرویز الہٰی ضمانتی مچلکے جمع کروانے پر آزاد ہیں، کیا پرویزالہٰی دوسرے کیسز میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں؟

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پرویزالہٰی اینٹی کرپشن سے متعلق کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔

سماعت کے دوران پرویزالہٰی نے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ میرا پیٹ خراب ہو گیا ہے۔

جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے پرویز الہٰی سے کہا کہ اللّٰہ خیر کرے گا۔

پرویزالہٰی کا دورانِ سماعت کہنا تھا کہ میری جیل کے باہر بھی دیوار کھڑی کر دی گئی ہے، تازہ ہوا نہیں آتی، میری جیل کے باہر ایک اجنبی شخص کو بٹھا دیا گیا ہے۔

جس پر جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کہا کہ اجنبی کون ہے؟ شخص کا نام ہی اجنبی ہے کیا؟ معلوم کرتے ہیں کون ہے یہ اجنبی۔

دورانِ سماعت پرویز الہٰی کی جانب سے فیملی سے ملاقات کے لیے بھی درخواست دائر کی گئی۔