ساتھ نہ دیتا تو چیئرمین PTI حکومت نہیں بناسکتے تھے، پرویز خٹک

September 22, 2023

پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین (پی ٹی آئی۔پی) کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ عمران خان کا ساتھ نہ دیتا تو وہ کبھی حکومت نہیں بناسکتے تھے۔

سوات میں پی ٹی آئی۔پی کی شمولیت تقریب سے خطاب میں پرویز خٹک نے پی ٹی آئی حکومت سے متعلق بڑا دعویٰ کیا اور کہا کہ عمران خان کا ساتھ نئے پاکستان کےلیے دیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت میں آکر چیئرمین پی ٹی آئی کا رویہ بدل گیا، عمران خان کی حکومت ترقی لاتی تو آج پنجاب کی یہ حالت نہ ہوتی۔

پی ٹی آئی۔پی کے سربراہ نے مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا ساتھ نہ دیتا تو وہ کبھی حکومت نہیں بناسکتے تھے، صوبے کو ایک بار پھر ترقی اور خوشحالی آئے گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم نے کم وقت میں تاریخی لوٹ مار کی ہے، عوام لوٹ مار کرنے والوں کو مسترد کرکے ہمارا ساتھ دیں۔

پرویز خٹک نے یہ بھی کہا کہ الیکشن ہوجاتے ہیں تو پارٹیوں کا منشور غائب ہوجاتا ہے، ہم نے سوچا کب تک دوسروں کے پیچھے چلیں گے۔ ہماری پارٹی کا منشور امن ترقی و خوشحالی ہے، اپنی پارٹی میں اپنی مرضی کے فیصلے کریں گے۔