کراچی میں کار پر پولیس کی فائرنگ سے نوجوان ہلاک

September 23, 2023

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پولیس کی جانب سے گاڑی پر فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ناکے پر اہلکاروں نے گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا، نہ رکنے پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ڈرائیور زخمی ہوگیا، جو اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گیا۔

پولیس کے مطابق ایک شخص موٹرسائیکل پر گاڑی کے ساتھ تھا جو پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگیا۔

اورنگی ٹاؤن اسلام چوک کے قریب پاکستان بازار تھانے کے اہلکاروں نے کار پر فائرنگ کی، فائرنگ سے جاں بحق نوجوان کی شناخت اجمل کے نام سے کی گئی ہے۔

مقتول کے کزن مزمل کا کہنا ہے کہ نوجوان گاڑی میں چھالیہ لے کر حب چوکی سے کراچی آرہا تھا۔ پولیس کو براہ راست فائرنگ نہیں کرنی چاہیے تھی، پولیس روک سکتی تھی، گرفتار کر سکتی تھی لیکن پولیس نے فائرنگ کردی۔

کرائم سین یونٹ نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے۔