چیئرمین پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل منتقلی کا تحریری فیصلہ جاری

September 26, 2023

----فائل فوٹو

اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل منتقلی کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

چیف جسٹساسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے تحریری حکم نامہ جاری کیا۔

تحریری حکم نامے کے مطابق عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل منتقل کرنے کی درخواست منظور کر لی اور انہیں اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو اٹک جیل منتقل کرنے سے متعلق نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کو جیل میں تمام سہولتیں مہیا کی جائیں جن کے وہ حق دار ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو توشہ خانہ کیس میں 3 سال قید کی سزا سنائی گئی، ٹرائل کورٹ نے اڈیالہ جیل میں رکھنے کا کہا مگر درخواست گزار کو اٹک جیل منتقل کیا گیا، آئی جی جیل خانہ جات کی سفارش پر سزا مکمل کرنے کے لیے اٹک جیل منتقل کیا گیا، ہائی کورٹ نے 28 اگست کو سزا معطل کی تو سائفر کیس میں گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے سائفر کیس میں زیرِ حراست پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کو اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔