سکرنڈ : پولیس، رینجرز کے آپریشن پر علاقہ مکین سراپا احتجاج

September 28, 2023

سکرنڈ میں جرائم پیشہ افراد کےخلاف پولیس اور رینجرز کے آپریشن کےخلاف علاقہ مکین سراپا احتجاج ہیں، مظاہرین نے قومی شاہراہ پر کارروائی کے دوران مرنے والوں کی لاشیں رکھ کر دھرنا دے دیا۔

دھرنے کے باعث سکرنڈ بائی پاس کے قریب ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

اس سے قبل ترجمان رینجرز کے مطابق رینجرز اور پولیس نے جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔

ترجمان رینجرز کے مطابق ہائی ویلیو ملزمان کے پاس دھماکا خیز مواد اور اسلحہ کی موجودگی کی اطلاع تھی، رینجرز اور پولیس کو دیکھتے ہی شرپسند عناصر نےحملہ کر دیا۔

نگراں وزیر داخلہ سندھ حارث نواز کے مطابق ملزمان کی فائرنگ سے 4 رینجرز اہلکار زخمی ہوگئے۔

ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ پولیس اور رینجرز کی جوابی کارروائی میں 3 حملہ آور ہلاک ہوئے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سکرنڈ میں جرائم پیشہ افراد کےخلاف آپریشن روک دیا گیا ہے، کارروائی کےخلاف علاقہ مکین سکرنڈ بائی پاس پر احتجاج کر رہے ہیں۔

مظاہرین نے قومی شاہراہ پر لاشیں رکھ کر دھرنا دے دیا ہے، دھرنے کے باعث سکرنڈ بائی پاس کے قریب ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔