کراچی ایئر پورٹ، امیگریشن سسٹم کی بندش سے مسافروں کا ڈیٹا اپ لوڈ نہ ہوسکا

September 30, 2023

---فائل فوٹو

کراچی ایئر پورٹ پر امیگریشن کے سسٹمز 3 گھںٹے تک بند رہنے کے نتیجے میں 8 پروازوں کے مسافروں کا امیگریشن ڈیٹا اپ لوڈ نہ ہوسکا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کراچی ایئر پورٹ پر امیگریشن سسٹم کی بندش سے ای سی ایل، اسٹاپ و دیگر لسٹ میں شامل مبینہ نام بھی چیک نہ ہو سکے جبکہ مسافروں سے پاسپورٹ اور دیگر سفری دستاویزات کی فوٹو کاپیاں لے کر اِنہیں سفر کی اجازت دے دی گئی۔

اس دوران سسٹم کی بندش کے باعث ایئر پورٹ لاؤنج میں موجود فوٹو اسٹیٹ مشینوں پر لمبی قطاریں لگی رہیں اور ملکی و غیر ملکی پروازوں کی روانگی میں 30 منٹ سے 2 گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق تکنیکی یا دیگر خرابی کے باعث امیگریشن کاؤنٹرز سسٹم 2 سے 5 بجے علی الصبح تک بند رہے، سسٹم کے فعال ہونے پر مسافروں کا ڈیٹا فوٹو کاپیز کی مدد سے اپ لوڈ کیا گیا۔

ترجمان ایف آئی اے کا بتانا ہے کہ تکنیکی خرابی کے باعث مسافروں کو جانے کی اجازت دی گئی جبکہ اسٹاپ و دیگر فہرستوں کو روانہ ہونے والے مسافروں کے ڈیٹا سے چیک کر لیا گیا تھا۔