• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی شہید لیاقت علی خان کے مزار پر حاضری

فائل فوٹو
فائل فوٹو

گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے پاکستان کے پہلے وزیرِ اعظم شہید لیاقت علی خان کی برسی کے موقع پر ان کے مزار پر حاضری دی اور  فاتحہ خوانی کی۔

کامران خان ٹیسوری نے مزار پر حاضری دینے کے بعد مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے۔

اُنہوں نے کہا کہ آج لیاقت علی خان کی برسی کے موقع پر ہم یہاں موجود ہیں جو ہمیشہ قائدِ اعظم کے ساتھ کھڑے تھے، اگر ہم ان کے بیانات پر عمل کرتے تو آج پاکستان اپنے پیروں پر کھڑا ہوتا۔

کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ آج ہمارا سر شرم سے جھک جاتا ہے، ہم پتہ نہیں کون سے پتھر کا دل لے کر بیٹھے ہیں جو آواز نہیں اٹھا رہے ہیں۔

اُنہوں نے مسلمانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ پیروں میں بندھی زنجیر توڑ دیں اور ایک آواز ہو جائیں۔

کامران خان ٹیسوری نے یہ بھی کہا کہ میرا سوال دنیا کہ مسلمانوں سے ہے اور میں عرب ممالک سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ آواز اُٹھائیں تاکہ سب مسلمان ان کے ساتھ کھڑے ہو جائیں۔

اُنہوں نے کہا کہ آج بے بس فلسطینی مسلمان مدد کو پکار رہے ہیں، ہمیں ان کی مدد کے لیے آگے بڑھنا ہے، ہم فلسطین کے لیے امدادی سامان بھیجیں گے۔

 کامران خان ٹیسوری نے بتایا کہ گزشتہ رات نجی ائیر لائن سے ہم آ رہے تھے، رات آندھی کی وجہ سے جہاز کی لینڈنگ میں مسئلہ ہوا تو ہمیں کہا گیا کہ اس حالت میں نکلنا مشکل ہے جس کے بعد سب نے جہاز میں ورد کرنا شروع کر دیا تھا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ میں نواز شریف کو خوش آمدید کروں گا، ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھ کر کام کرنا ہے، پیٹرول پر 40 روپے نہیں بلکہ 140 روپے کم ہونے چاہئیں۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے یہ بھی کہا کہ اب تو عام آدمی کی تنخواہ ایک لاکھ روپے ہونی چاہیے۔

قومی خبریں سے مزید