کوئی سیاسی جماعت آئینی ترمیم چاہتی ہے تو ہونی چاہیے، اسحاق ڈار

November 21, 2023

سینیٹر اسحاق ڈار---فائل فوٹو

مسلم لیگ ن کے سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ آئین میں ترامیم کوئی غیر معمولی چیز نہیں، کوئی سیاسی جماعت آئینی ترمیم چاہتی ہے تو ہونی چاہیے۔

قائدِ ایوان اسحاق ڈار نے سینیٹ کے اجلاس کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں 35 سو سے زائد اسکول بند ہیں کیونکہ اساتذہ دستیاب نہیں۔

انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم سے متعلق کوئی بھی مسئلہ نہیں، این ایف سی کے تحت صوبوں میں وسائل کی تقسیم پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

اسحٰق ڈار کا کہنا ہے کہ آئین کے تحت این ایف سی 5 سال بعد ریوائز ہونا چاہیے، میڈیا میں اٹھارویں ترمیم سے متعلق خبر گردش میں ہے، خبر میں ہے کہ ن لیگ کی منشور کمیٹی کو کہا ہے اٹھارہویں ترمیم کو دوبارہ دیکھاجائے، منشور کمیٹی کو کوئی ایسا مینڈیٹ نہیں دیا گیا۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا ہے کہ اس متعلق منشور کمیٹی کے چیئرمین نے بیان جاری کیا ہے، ابھی منشور نہیں بنا، اٹھارہویں ترمیم سے متعلق کوئی ایسی چیز منشور کمیٹی میں نہیں ہے، ہم اٹھارہویں ترمیم کے وقت شامل رہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ این ایف سی میں وفاق کا حصہ صوبوں کو اور صوبوں کا وفاق کو ٹرانسفر کیا گیا، کنکرنٹ لسٹ میں جتنی چیزیں تحلیل ہوئیں وہ صوبوں کو چلی گئیں، صوبوں کو ملنے والی چیزوں پر کیا عمل ددرامد ہو رہا ہے؟ آج بھی وفاق میں ہم صحت کے پیسے رکھتے ہیں جو صوبوں کو رکھنے چاہئیں۔