جاپان چاند پر قدم رکھنے کیلئے تیار، خلائی مشن ’مون اسنائپر‘ روانہ

September 07, 2023

—فائل فوٹو

جاپان نے چاند کی سطح پر قدم رکھنے کے لیے اپنا خلائی مشن ’مون اسنائپر‘ خلاء میں بھیج دیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپان چاند پر قدم رکھنے کے لیے تیار ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آئندہ سال کے آغاز میں جاپان چاند پر کامیاب لینڈنگ کے ساتھ قدم رکھنے والا دنیا کا پانچوں ملک بن جائے گا۔

جاپانی ایرو اسپیس ایکسپلوریشن ایجنسی (JAXA) کا کہنا ہے کہ اسمارٹ لینڈر فار انویسٹیگیشن آف مون (SLIM) کو ’H- IIA‘ نامی راکٹ کے ذریعے جنوبی جاپان کے تنیگاشیما خلائی مرکز سے کامیابی کے ساتھ لانچ کیا گیا۔

اس مشن کا مقصد کومپیکٹ لونر لینڈر کو چاند کی سطح کے 100 میٹر کے اندر لینڈ کروا کر چاند کی سطح کی تحقیقات کرنا ہے۔

تحقیقی سیٹلائٹ اور اسمارٹ لینڈر فار انویسٹیگیشن آف مون (SLIM) کو چاند کی سطح تک لے جانے والے H- IIA راکٹ کو ناسا اور یورپی خلائی ایجنسی کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپان کو اس سے قبل خلائی مشن میں متعدد بار ناکامی کا سامنا رہا اور گزشتہ ماہ خراب موسم کی صورتِ حال کے باعث یہ خلائی مشن ایک ہفتے میں 3 بار التواء کا شکار ہوا۔

جاپان اب چاند پر قدم رکھنے والا دنیا کا پانچواں ملک بننے کے لیے پُر عزم ہے۔