کرکٹ ٹیم کا دورہ آسٹریلیا، 18 پلیئرز کیلئے 17 رکنی ٹیم انتظامیہ کا تقرر، دو نئے غیر ملکی کوچز بھی شامل

November 29, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورئہ آسٹریلیا کیلئے 18 رکنی ٹیم کیلئے 17 ارکان پر مشتمل ٹیم منیجمنٹ کا اعلان کیا ہے۔دلچسپ بات ہے کہ بورڈ نے حال ہی میں مکی آرتھر سمیت تین غیر ملکی کوچز کو فارغ کیا ہے لیکن ٹیم کیلئے دو غیر ملکی کوچز کی خدمات حاصل کرلیں ۔ برسبین میں مقیم سابق انگلش ٹیسٹ کرکٹر ایڈم ہولیک کو ٹیسٹ سیریز میں بیٹنگ کوچ مقرر کیا جارہا ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم تین میچز کی سیریز کیلئے 30 نومبر کو آسٹریلیا روانہ ہوگی ۔ ٹیم کی منیجمنٹ میں نوید اکرم چیمہ ٹیم منیجر، محمد حفیظ ڈائریکٹر پاکستان ٹیم، ایڈم ہولیک بیٹنگ کوچ ، سائمن گرانٹ ہیلمٹ ، ہائی پرفارمنس کوچ، عمرگل، فاسٹ بولنگ کوچ ، سعید اجمل ، اسپن بولنگ کوچ ، عبدالمجید فیلڈنگ کوچ، منصور رانا، اسسٹنٹ ٹیم منیجر، شاہد اسلم ، اسسٹنٹ بیٹنگ کوچ، ڈریکس سائمن اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ، کلف ڈیکن فزیو تھراپسٹ، طلحہ اعجازٹیم انالسٹ، لیفٹنینٹ کرنل ( ریٹائرڈ ) اختر حسین ٹیم سکیورٹی منیجر، رضا راشد کیچلو میڈیا منیجر ، عمار احسن وڈیوگرافر، ڈاکٹر سہیل سلیم ، ٹیم ڈاکٹر، ملنگ علی مساجر ہوں۔ پہلا ٹیسٹ 14 سے18 دسمبر تک پرتھ، دوسرا 26سے 30 دسمبر تک میلبورن جبکہ تیسرا3 سے 7 جنوری تک سڈنی میں کھیلا جائے گا ۔ ایڈم ہولیک نے انگلینڈ کیلئے دو ٹیسٹ اور 35ون ڈے انٹر نیشنل جبکہ ایسسکس اورسرے کاؤنٹی کی جانب سے173فرسٹ کلاس میچ کھیلے ہیں ۔ اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجا کے دور میں میتھیو ہیڈ ن کو بھی بیٹنگ کسلٹنٹ مقرر کرچکا ہے۔ دلچسپ بات ہے کہ پاکستان ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ نے کہا تھا کہ اب ہمارے پلان میں ہیڈ کوچ کی جگہ نہیں ہے ۔ اپنے کوچز کی موجودگی میں غیر ملکی کوچز کی جانب جانے کی کیا ضرورت ہے لیکن ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ آسٹریلیا سے ہم نے کوچز کو ساتھ شامل کیا ہے ۔ کیونکہ انہیں وہاں کی کنڈیشنز کا تجربہ ہے۔ حفیظ نے کہا کہ بحیثیت سے ڈائریکٹر ناکامیوں کی ذمے داری لینے والوں میں سب سے آگے ہوں گا۔ ٹیم کی کامیابیوں کا سارا کریڈٹ کھلاڑیوں کا ہے ۔ یہ بات ماننی پڑے گی کہ ہم جدید دور کی کرکٹ سے پیچھے رہ گئے ہیں، ہمارے نتائج صحیح نہیں آئے۔ سپورٹ اسٹاف بالکل صحیح مائنڈ سیٹ کے ساتھ اپنی تیاری کی ہے۔