نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے اکبر چوک فلائی اوور کا افتتاح کردیا

November 30, 2023

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی ۔ فوٹو: فائل

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور میں اکبر چوک فلائی اوور کا افتتاح کردیا۔ ان کا کہنا ہے ہم نے الیکشن نہیں لڑنا اورنہ ہی ووٹ نہیں مانگنے ہیں، کوشش ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیں۔

نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے لاہور کے اکبر چوک میں مولانا محمد علی جوہر فلائی اوور کا افتتاح کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 2.2 کلو میٹر طویل فلائی اوور کو 7 ماہ سے بھی کم مدت میں مکمل کیا گیا، یہ صرف فلائی اوور نہیں بلکہ سگنل فری کوریڈور ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ اسپتالوں کی بہتری سمیت دیگر منصوبے بھی جلد مکمل کیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کچے کے علاقے میں پولیس کے 19 جوانوں نے 70 کے قریب ڈاکوؤں کا بہادری سے مقابلہ کیا، ہمارے تین جوان شہید اور 6 زخمی ہوئے۔