دبئی میں ماحولیاتی کانفرنس، غزہ پر اسرائیلی بمباری کیخلاف احتجاج

December 04, 2023

دبئی (اے ایف پی، جنگ نیوز) دبئی میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ماحولیاتی کانفرنس کے موقع پردرجنوں کارکنوں نے غزہ پر اسرائیلی بمباری کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے ،لندن ، پیرس ، برلن سمیت دنیا بھر میں فلسطینیوں کے حق میں احتجاجی مظاہرے ، دبئی میں100سے زائد کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کوپ 28کیلئے مختص بلیو زون کے مقام پر کیا جہاں اقوام متحدہ کی پابندیوں کی وجہ سے فلسطینی پرچم لہرانے پر پابندی عائد تھی، اس مقام کا انتظام اس وقت مقامی انتظامیہ کی بجائے عالمی باڈی کے پاس ہے، دوسری جانب دنیا بھر میں فلسطینیوں کے حق میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ اتوار کے روز بھی جاری رہا ،برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں ہزاروں افراد نے ریلی نکالی،مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے جس میں لیبر پارٹی کے رہنما اسٹارمر کے ہاتھ خون سے رنگے ہیں کے نعرے درج تھے، فرانس کے دارالحکومت پیرس سمیت کئی چھوٹے بڑے شہروں میں فلسطینیوں کے حق میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں ، جرمنی کے دارالحکومت برلن اور دوسرے شہروں میں بھی مظاہرے، غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کی نسل کشی کے خاتمے کا مطالبہ ، مظاہرین نے اسرائیل کی حمایت پر جرمن حکومت کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا، قبل ازیں دبئی میں مظاہرے کے دوران مظاہرین میں سے ہر ایک کی آنکھیں اشک بار تھیں جبکہ مظاہرین نے فلسطینی کیفایہ رومال پہن رکھے تھے ، ماحولیاتی مساوات کیلئے بننے والے کلائمٹ جسٹس کولیشن کے ترجمان اسد رحمان نے کہا کہ "ہم فلسطینی عوام سے کہتے ہیں کہ بین الاقوامی برادری شائد آپ کو بھول گئی ہے، لیکن آپ اکیلے نہیں ہیں۔"اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے روتے ہوئے فسلطین کو آزاد کرو کے نعرے لگائے، اس موقع پر شرکاء نے بھی فلسطین کی آزادی کیلئے نعرے لگائے تاہم اقوام متحدہ کی پابندیوں کے باعث انہیں خاموش کروادیا گیا ، اقوام متحدہ کے اصولوں کے مطابق ریاستوں، رہنماؤں یا کمپنیوں کے نام COP پنڈال کے اندر سرگرم عمل کارروائیوں میں نہیں لئے جاسکتے۔