توانائی کے مقامی ذرائع کو فروغ دینا ناگزیر ہوگیا، سی ای او صدیق سنز

December 05, 2023

کراچی (سید منہاج الرب) صدیق سنز لمیٹڈ کے سی ای او عبدالرحیم نے کہا ہے کہ توانائی کے مقامی ذرائع کو فروغ دینا ناگزیر ہوگیا ہے ، ہم آر ایل این جی درآمد کررہے ہیں لیکن خود اپنا کوئلہ نہیں نکالنا چاہتے ، ملک میں گیس ختم ہورہی ہے اور پاکستان میں توانائی کا درآمدی بل 41؍ ارب ڈالر ہوجائے گا، بجلی ضرورت میں اضافہ ہورہا ہے تھرکول پر غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کریں گے۔جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے صدیق سنز لمیٹڈ کے سی ای او عبدالرحیم کا کہنا تھا کہ ملک کے بڑھتے ہوئے درآمدی خسارے سے نمٹنے کے لیے ہمیں پیداوار کے مقامی ذرائع تلاش کرنے ہوں گے ورنہ تیزی سے بڑھتےدرآمدی بل کے باعث ڈالر کا ملک سے انخلاء ہوتا رہے گا۔ ملک میں گیس کے ذرائع کی کمی اور بڑھتی ہوئی آبادی کے ساتھ توانائی کے مقامی ذرائع کو تلاش اور فروغ دیا جانا ناگزیر ہو گیا ہے ۔ ملک میں ہائیڈرو اور سولر کے علاوہ تھر کا کوئلہ واحد بڑا مقامی وسائل ہے۔ کئی دہائیوں سے پاکستان مقامی گیس پر انحصار کرتا رہا ہے، اور اب ایسا انحصار ملک کی بقا کے لیے بالکل ضروری ہے۔ ہم آر ایل این جی 12؍ ڈالر فی mmBTU پر درآمد کر رہے ہیں، لیکن ہم اپنا کوئلہ خود نہیں نکالنا چاہتے ہیں جس کی قیمت 2سے 4ڈالر فیmmBTU ہے ۔ یہ کوئی دانشمندی نہیں ہے۔ توانائی کا درآمدی بل 26بلین امریکی ڈالر ہے اور بڑھ کر 41بلین امریکی ڈالر ہو جائے گا کیونکہ گیس ختم ہو رہی ہے اور مزید ایل پی جی اور ایل این جی درآمد کرنا پڑے گی۔ اس کے علاوہ، بجلی کی ضرورت میں اضافہ ہو رہا ہے اور بیس لوڈ کو شامل کرنا ضروری ہے۔ بیس لوڈ کے بغیر پوری صنعت کاری ناکام ہو جائے گی۔ ہمیں توانائی کے ایسے ذرائع کی ضرورت ہے جو سورج غروب ہونے پر بجلی فراہم کر سکیں اور ایسے علاقوں میں جہاں بجلی کے لیے ہوا نہیں اٹھائی جا سکتی/ اور دریا کے ہائیڈرو پراجیکٹس کو نہیں چلایا جا سکتا۔ تھر کا کوئلہ واحد راستہ ہے۔ بجلی کے ساتھ ہم تیل کو تبدیل کر سکتے ہیں جو پہلے ہی 20 ؍ ارب امریکی ڈالر کا درآمدی بل بنا رہا ہے اور حکومتی دستاویزات کے مطابق اس کے دوگنا ہونے کی توقع ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم بہت competitive ہیں اور آئی جی سی ای پی میں بیس لوڈ انرجی پروجیکٹس کا واحد ذریعہ ہیں۔ بہت سارے آئی پی پیز کی میعاد ختم ہونے کے بعد حکومت بیس لوڈ کہاں سے تلاش کرے گی؟ تھر کا کوئلہ آنے والے تمام بیس لوڈ پلانٹس کا حل ہے۔ ہمیں کوئلہ سے بجلی بنانے کی ضرورت ہےتا کہ درآمدی بل کم ہو، اور اس کے لئے بڑی تعداد میں منصوبے کرنے ہوں گے۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہم کامیاب ہوں گے اور تھر کول پر غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کریں گے۔ اس خواب کو شرمندہ تعبیر کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ یہ ایک اہم ضرورت بن گئی ہے اور وقت ایسا ہے کہ سرمایہ کار کم فنڈنگ دستیاب ہونے کی وجہ سے اپنا پیسہ اس کے پیچھے لگانے کو تیار نہیں ہیں۔ تاہم، کچھ مقامی سرمایہ کار اپنا پیسہ اب بھی لگانا چاہتے ہیں۔ وہ تھر کول کو فعال طور پر فروغ دے رہے ہیں بشرطیکہ حکومت انہیں سہولت فراہم کرے۔ صدیق سنز انرجی کا ایک فعال پروجیکٹ ہے جو تھر کے کوئلے پر مبنی پروجیکٹ پر کام کر رہا ہے۔ پروجیکٹ کے پاس فنڈنگ اور ای پی سی دستیاب ہے اور اس منصوبے کی تکمیل کا منتظر ہے جو بہت سے دوسرے مقامی سرمایہ کاروں کے لیے قومی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کی راہ ہموار کرے گا۔