’’اسپوٹیفائی‘‘ کا تیسری مرتبہ ملازمین کی تعداد میں کٹوتی، مزید 1500؍ کو فارغ کیا جائے گا

December 05, 2023

کراچی (نیوز ڈیسک) میوزک اسٹریمنگ ملٹی نیشنل کمپنی ’’اسپوٹیفائی‘‘ نے دنیا بھر سے اپنے 1500ملازمین کو فوری طور پر فارغ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کی جانب سے تیسری مرتبہ ملازمین کی تعداد میں کٹوتی کی جا رہی ہے۔ ان ملازمین کو 5 ماہ تک ’’سیورنس پے‘‘ یعنی ملازمت سے فارغ کرنے کا معاوضہ ادا کیا جائے جس میں انہیں تنخواہ، ہیلتھ انشورنس اور اپنی باقی ماندہ تمام چھٹیوں کا معاوضہ بھی ملے گا۔ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو افسر نے ملازمین کو لکھے گئے خط میں بتایا کہ دنیا بھر سے کمپنی اپنے 17 فیصد اسٹاف کو کم کر رہی ہے۔ ملازمین کو نکالنے کا آغاز جنوری 2024 سے ہوگا اور پہلے مرحلے میں 600 اور اس کے بعد سال بھر کے دوران باقی ملازمین کو فارغ کیا جائے گا۔