نشاۃ ثانیہ کی 100؍ ملین یورو مالیت کی کھوئی ہوئی پینٹنگ آدھی صدی بعد مل گئی

December 05, 2023

کراچی (نیوز ڈیسک) جنوبی اطالوی قصبے گریگنانو میں نشاۃ ثانیہ کے مصور ساندرو باٹیچیلی کی بنائی گئی ایک شاہکار پینٹنگ آدھی صدی کی تلاش کے بعد بالآخر مل گئی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ یہ باٹیچیلی کی زندگی کی آخری پینٹنگ تھی جس میں مریمؑ اور عیسیٰ ؑ کو دکھایا گیا ہے اور یہ پینٹنگ نامعلوم حالات میں کھو گئی تھی۔ اس کی مالیت 100؍ ملین یورو (108؍ ملین ڈالرز) بتائی گئی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، مقامی میئر نیلو ڈی اوریا نے میڈیا کو بتایا کہ یہ پینٹنگ 1900 کی دہائی کے اوائل سے سانتا ماریا ڈیلے گریزی نامی گرجا گھر میں رکھی گئی تھی۔ بعد میں اس گرجا گھر میں آگ لگ گئی۔ اس کے بعد یہ پینٹنگ ایک اور گرجا گھر کو ملی جو 1982ء میں زلزلے سے تباہ ہوگیا۔ اس کے بعد انتظامیہ نے یہ پینٹنگ ایک مقامی خاندان کو حفاظت سے رکھنے کیلئے دیدی۔ ابتدائی چند برسوں کے دوران چرچ انتظامیہ پینٹنگ کی نگرانی کرتی رہی لیکن بعد میں انتظامیہ اس کا ریکارڈ نہ رکھ پائی۔ تاہم، اس مقامی خاندان نے پینٹنگ کو محفوظ رکھا۔