پشاور میں نجی اسکول کے قریب دھماکا، 7 افراد زخمی

December 05, 2023

پشاور میں ورسک روڈ پر نجی بینک اور اسکول کے قریب دھماکا ہوا ہے۔

پولیس کے مطابق دھماکے میں 7 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

ایل آر ایچ کےترجمان نے بتایا کہ ورسک روڈ دھماکے کے 6 زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال لایا گیا۔

اسپتال کے ترجمان نے کہا کہ زخمیوں میں احمد جان، احسان اللّٰہ، جاوید خان، ظاہر اللّٰہ، سعد احمد اور یوسف خان شامل ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ زخمی بچوں کی عمر 7 سے 10 سال کے درمیان ہیں، 2 زخمی بچوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا بارودی مواد پھٹنے سے ہوا ہے۔

دھماکے میں 4 کلو گرام بارود استعمال کیا گیا:ایس پی ورسک

ایس پی ورسک ارشد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دھماکا صبح 9 بج کر 10 منٹ پر ہوا، دھماکے میں 4 کلو گرام بارود استعمال کیا گیا۔

ایس پی ارشد خان کا کہنا ہے کہ کون ٹارگٹ تھا یہ کہنا قبل از وقت ہو گا، دھماکے میں 3 بچے زخمی ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بارودی مواد سڑک کنارے سیمنٹ بلاک میں چھپایا گیا تھا، ارد گرد کے علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، دھماکے میں بھتے کے عنصر کو بھی دیکھا جا رہا ہے۔

امن و امان کو خراب کرنے کے لیے دھماکا کیا گیا: میئر

میئر میٹرو پولیٹن زبیر علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دھماکا اسکول کے قریب ہوا ہے، امن و امان کو خراب کرنے کے لیے دھماکا کیا گیا۔

زبیر علی کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں کےقریب دھماکا افسوس ناک ہے۔