’ہم یہیں رہیں گے جب تک درد ختم نہیں ہوجاتے‘: فلسطینی صحافیوں کا پیغام

December 05, 2023

فوٹو بشکریہ انسٹاگرام

جب سے غزہ میں حماس اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کا آغاز ہوا ہے وہاں موجود بہادر صحافی دنیا کو سوشل میڈیا کے ذریعے فلسطینیوں کی دردناک صورتحال کے بارے میں مسلسل آگاہ کر رہے ہیں۔

حال ہی میں غزہ سے فلسطینی صحافیوں کی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ پر جاری وحشیانہ بمباری کے باوجود بھی صحافیوں کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔

اس ویڈیو میں صحافیوں کو یہ گنگناتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ’ہم تب تک یہیں رہیں گے جب تک درد ختم نہیں ہو جاتے ہم یہیں رہیں گے جب تک نغمے سریلے نہیں ہو جاتے‘۔

ان صحافیوں نے غزہ میں جاری کشیدگی کے دوران اب تک اپنے بہت سے پیاروں کو ہمیشہ کے لیے کھو دیا ہے لیکن پھر بھی ان کے حوصلے بلند ہیں۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 16 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے جبکہ 15 لاکھ سے زیادہ بے گھر ہو چکے ہیں۔