امریکا: کتے کی غلطی نے گھر جلا دیا

July 05, 2024

امریکا کی ریاست کولاراڈو کے ایک گھر میں پالتو کتے کی غلطی کے باعث گھر میں آگ لگ گئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق 26 جون کو رات دیر گئے فائر فائٹرز کو گھر میں آتشزدگی کی اطلاع موصول ہوئی، بعد ازاں گھر میں لگے کیمروں کی ویڈیو دیکھ کر آگ لگنے کی وجہ بھی معلوم ہو گئی۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گھر میں موجود پالتو کتا تقریباً ساڑھے 4 بجے کچن میں چولہے کے اوپر پڑے ڈبوں کو سونگھنے کے لیے چڑھتا ہے تاہم نیچے اترتے ہوئے اس سے چولہا جل جاتا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق چولہا جلنے کے بعد آگ اور دھواں پھیلا جس پر گھر والوں نے ہوشیار اور خبردار ہو کر فائر فائٹرز کو اطلاع دی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق گھر میں موجود مالک نے کچھ ہی دیر میں آگ بجھا دی، دھوئیں کے باعث حالت خراب ہونے پر اسے اسپتال منتقل کرنا پڑا تھا تاہم واقعے میں کوئی دوسرا شخص زخمی نہیں ہوا۔

آگ کے باعث گھر کو کافی نقصان بھی پہنچا جس کی مرمت کے لیے رہائشیوں کو کچھ وقت کے لیے وہاں سے منتقل بھی ہونا پڑا۔