برطانیہ اوردنیا بھر کے مسلمانوں کو لبرل ڈیموکریٹ رہنما ٹم فارون کی عید کی مبارکباد

June 30, 2016

لندن( جنگ نیوز) لبرل ڈیموکریٹ رہنما ٹم فارون نے برطانوی اوردنیابھر کے مسلمانوں کو عید کی مبارکباد دی ہے، اپنے مبارکباد کے پیغام میں انھوں نے کہاہے کہ اب جبکہ رمضان المبارک کا مہینہ اختتام پذیر ہے میں برطانیہ اور پوری دنیا کے مسلمانوں کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کرتاہوں۔انھوں نے کہا کہ عید تبدیلی کی عکاس ہوتی ہے دنیا بھر میں ہونے والے بعض سانحات کے پیش نظر ہم سب کو اس بات پر غور کرنا چاہئے کہ ہم کس طرح متحد ہوسکتے ہیں اور ایک دوسرے سے انکساری کامظاہرہ کرسکتے ہیں۔میں نے رمضان المبارک کے آغاز پر لندن کی مرکزی جامع مسجد میں مسلمانوں کے ساتھ شرکت کے موقع پر برطانیہ میں تمام مذاہب کو ماننے والے اور ملحدوں پر اس کی اہمیت واضح کردیاتھا۔اس تقریب میں شرکت کے وقت اور پورے رمضان المبارک کے دوران مجھ پر یہ واضح تھا کہ بہت سے مسلمان اس مہینے کے دوران بے لوث انداز میں بے غرضی کے ساتھ دوسروں خاص طورپر کم وسیلہ لوگوں کی زندگی میں تبدلی لانے کی سعی کرتے ہیں۔میں پورے ملک میں مسلم کمیونٹیز کے ساتھ اتحاداور دوسروں کی خدمت اوراتحاد کا پیغام عام کرنے کا کام کرتے رہنے کوتیار ہوں۔