"سہیل وڑائچ کہانی" لکھ کر انتشار زدہ معاشرے پر احسان کیا گیا، مقررین

December 07, 2023

لاہور ( شوبز رپورٹر) مقررین نے کہا ہے کہ"سہیل وڑائچ کہانی "لکھ کر انتشار زدہ معاشرے پر احسان کیا گیا ہے،ا لامین فاونڈیشن و اکیڈمی کے زیر اہتمام پیر محمد ضیاء الحق نقشبندی کی کتاب "سہیل وڑائچ کہانی "کی تقریب رونمائی گذشتہ روز مقامی ہوٹل لاہور میں زیر صدارت مجیب الرحمنٰ شامی منعقد ہوئی جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے راہنما، صحافی ، اینکر ، وکلاء شاعر، مذہبی راہنما اورمختلف طبقہ ہائے فکر کے لوگوں نے بھرپورشرکت کی۔اس موقع پر سینئر قانون دان اعتزاز احسن نےکہا کہ سہیل وڑائچ کہانی کتاب لکھ کر مذہبی راہنما پیر محمد ضیاء الحق نقشبندی نے معاشرے پر احسان کیا ہے کیونکہ سہیل وڑائچ انتشار زدہ معاشرے میں امید کی کرن ہے سہیل وڑائچ کہانی پڑھ کر معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے ہمیشہ آئین جمہوریت اورمصیبت میں مبتلا لوگوں کا ساتھ دیا۔انہوں نے کہا کہ ایک ہی ادارے میں انہوں نے ساری زندگی گزار دی اس سے زیادہ استقامت ان میں اور کیا ہوگی۔ استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ "سہیل وڑائچ کہانی "کتاب وقت کی ضرورت تھی معاشرے کی اس ضرورت کو پورا کرنے پر ہم پیر محمد ضیاء الحق نقشبندی کے مشکور ہیں ، لوگوں کے دلوں پہ راج کرنے والے سہیل وڑائچ میرے سیاسی، سماجی اور معاشرتی استاد ہیں،ہر سیاسی جماعت سہیل وڑائچ کی سخت باتوں کو بھی بآسانی برداشت کر لیتی ہے سہیل وڑائچ نے اپنے صحافتی نقطہ نظر سے اس معاشرے کو بدلنے میں اہم کردار ادا کیا۔مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمن ٰنے اپنی گفتگو میں کہا کہ بڑی سخت بات کو بھی نرم انداز میں پیش کرتے ہیں میں سہیل وڑائچ کو ہمیشہ اے ٹی آئی کے ہونہار جوان کے طور پر دیکھتا ہوں مجھے لگتا ہے کہ اعتدال انہیں سیال شریف اور گولڑہ شریف کے صوفیاء کی نسبت سے ملاہے۔ چیف پیٹرن الامین فاؤنڈیشن مجیب الرحمنٰ شامی نےکہا کہ یہ کتاب ایک خود نوشت بھی ہے اور ایک سوانح حیات بھی ہے سہیل وڑائچ میرے پسندیدہ قریبی ساتھیوں میں سے ہیں میں ان کو دیکھ کر رشک بھی کرتا ہوں ان کے لئے دعا بھی کرتا ہوں اوران سے سیکھتا بھی ہوں میں سمجھتا ہوں کہ اس وقت پاکستان کو سہیل وڑائچ کے لہجے اوران کے انداز کی ضرورت ہے۔