پاکستانی گلوکار عمر ندیم کی گانا کاپی کرنے پر بھارتی میوزک کمپنی اور سونو نگم پر تنقید

December 07, 2023

—فائل فوٹو

پاکستانی گلوکار عمر ندیم نے بھارتی میوزِک کمپنی ٹی سیریز اور بھارتی گلوکار سونو نگم کی جانب سے پاکستانی گانے کی کاپی کیے جانے پر تنقید کی ہے۔

عمر ندیم نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر ٹی سیریز کی جانب سے ریلیز کیے گئے سونو نگم کے نئے گانے’سن زرا‘ اور اپنے 2009ء میں ریلیز ہونے والے گانے’اے خدا‘ دونوں گانوں کے ویڈیو کلپس شیئر کیے ہیں۔

اُنہوں نے یہ ویڈیو کلپس شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ میں اپنی زندگی کے ایک ایسے موڑ پر پہنچ گیا ہوں جہاں مجھے ایسی چیزوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

عمر ندیم نے لکھا کہ اگر آپ کسی گانے کو کاپی کرنے جا رہے ہیں تو کم سے کم اصل گانے کو اس کا کریڈٹ تو دیں اور اگر آپ ایسا کرنے جا ہی رہے ہیں تو کم از کم اسے کچھ نفاست سے کر سکتے تھے۔

گلوکار کی اس پوسٹ پر سوشل میڈیا صارفین بھی ٹی سیریز پر تنقید کرتے نظر آ رہے ہیں۔

عمر ندیم کی اس پوسٹ پر ٹی سیریز پر تنقید کرنے والوں میں اداکارہ ارمینا خان بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ بھارتی میوزِک کمپنی نے پاکستانی گانے کی کاپی کی ہو بلکہ اس سے پہلے گلوکار فراصت نفیس بھی اپنا گانا کاپی کرنے پر ٹی سیریز پر تنقید کر چُکے ہیں۔