حکومت سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے، نگراں وزیراعظم

December 07, 2023

فائل فوٹو۔

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 60 ہزار کا ہندسہ عبور کرنا تاریخی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہحکومت سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے خصوصی اقدامات کر رہی ہے۔

نگراں وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے تحت پاکستان کی بہترین کمپنیوں کو ایوارڈز دینے کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے آئندہ کامیاب کمپنیوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔ نگراں حکومت نے اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی اور بجلی چوری سے متعلق سخت اقدامات کیے۔

نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خواہش ہے تاجر برادری جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے مزید کامیابی سمیٹے۔ انہوں نے کہا تاجر برادری اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی مزید کامیابیوں کیلئے دعاگو ہوں۔

انہوں نے کہا تاجر برادری ملکی معیشت کو سدھارنے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ بڑی کاروباری کمپنیاں فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔