وزیراعظم شہبازشریف کے مشیر سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ گورنر سندھ ایم کیو ایم کا ہوگا کبھی یہ وعدہ نہیں ہوا تھا۔
جیو نیوز کے پروگرام نیاپاکستان میں گفتگو کے دوران رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ طے ہوا تھا کہ بلوچستان اور سندھ کا گورنر ن لیگ سے ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کامران ٹیسوری نگراں حکومت سے چلے آرہے تھے تو فوری تبدیل کرنا ضروری نہیں سمجھا گیا، ایم کیو ایم سے کبھی یہ وعدہ نہیں تھا کہ گورنر سندھ اُن کا ہوگا۔
وزیراعظم کے مشیر سیاسی امور نے مزید کہا کہ معاملات ٹھیک چل رہے تھے تو کامران ٹیسوری کو تبدیل کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی ،اب ایسی صورتحال پیدا ہوئی کہ گورنرسندھ کو تبدیل کرنا پڑا۔
اُن کا کہنا تھا کہ کامران ٹیسوری کا تقررنگراں سیٹ اپ میں ہوا تھا ،انوار الحق کاکڑ بتا سکتے ہیں کہ کامران ٹیسوری کا تقرر کس کی سفارش پر ہوا، مناسب سمجھا گیا کہ اس صورتحال کو تبدیل کیا جائے ۔
رانا ثناءاللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ گورنر کی تبدیلی سے متعلق ایم کیو ایم سے طریقے اور سلیقے سے بات ہوتی رہی ہے، ایم کیو ایم کا سندھ کے گورنر سے متعلق مطالبہ ہی نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے کراچی سے متعلق مطالبات پورے کیے اور مزید بھی کوشش کریں گے، جب طے ہوا کہ گورنر ن لیگ سے ہوگا تو ایم کیو ایم نے اس پر اعتراض نہیں کیا۔
وزیراعظم کے مشیر سیاسی امور نے کہا کہ ہماری قیادت پوری طرح سے مسلم ممالک کے ساتھ رابطے میں ہے ، ایران کسی صورت مسلمان ممالک خاص طور پر سعودی عرب کو ٹارگٹ نہ کرے۔
اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی کل ایرانی صدر سے گفتگو ہوئی اور اسی سلسلے میں سعودی عرب گئے، اسلام آباد، ریاض کے ساتھ دفاعی معاہدے میں ہے اور حکومت اس کی پابند ہے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ امید ہے کہ کل کے سعودی عرب اور ایرانی صدر سے بات کے بعد معاملات بہتر ہوں، سعودی عرب کی اچھی پالیسی ہے کہ خود ری ایکٹ نہیں کر رہے ۔
انہوں نے استفسار کیاکہ سعودی عرب خود ری ایکٹ نہیں کر رہا تو دوسرے سے ایسی خواہش کا اظہار کیوں کرے گا؟
وزیراعظم کے مشیر سیاسی امور نے کہا کہ افغانستان پر نہ قبضہ کرنا اور نہ ہی ان کا نقصان چاہتے ہیں، ہم تو اپنا نقصان ہونے سے روکنا چاہتے ہیں۔