گریڈ 20 کے 4 افسران کا تبادلہ، زاہدہ بھنڈ کی چیف الیکشن کمشنر کو تحریری شکایت

December 08, 2023

پاکستان الیکشن کمیشن— فائل فوٹو

مسلم لیگ (ن) سندھ کی صدر زاہدہ بھنڈ نے گریڈ 20 کے 4 افسران کو عہدوں سے نہ ہٹانے پر چیف الیکشن کمشنر کو تحریری شکایت کر دی۔

زاہدہ بھنڈ نے تحریری شکایت میں چیف الیکشن کمشنر کو آگاہ کیا کہ محکمۂ تعلیم سندھ میں گریڈ 20 کے 4 ڈائریکٹرز کا تبادلہ نہیں کیا گیا۔

اُنہوں نے بتایا کہ ڈائریکٹرز سکھر، میرپور خاص، کراچی اور نوابشاہ میں تعینات ہیں، انتخابات شفاف بنانے کے لیے ان چاروں افسران کو عہدوں سے ہٹایا جائے۔

زاہدہ بھنڈ نے درخواست میں خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کہ پیپلز پارٹی ان افسران کو دھاندلی کے لیے استعمال کر سکتی ہے۔

لیگی رہنما کے الزام پرضلعی صدر پیپلز پارٹی سردار رفیق جمالی نے اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام تقرریاں و تبادلے الیکشن کمیشن کی ہدایات پر کیے گئے ہیں۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ زاہدہ بھنڈ کو صحیح حقائق کا اندازہ نہیں، پیپلز پارٹی عوامی حمایت سے انتخابات جیتتی ہے، پٹواریوں کی مدد سے نہیں۔