پنجاب حکومت نے فصلوں کی آبپاشی کیلئے پانی کی قیمت میں اضافہ کردیا

December 11, 2023

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) پنجاب حکومت نے مختلف فصلوں کی آبپاشی کے لیے پانی کی قیمت 400 سے 2000 روپے فی ایکڑ سالانہ کر دی ہے جس کا اطلاق ربیع سیزن 24-2023 سے ہو گا۔ 5 دسمبر 2023 کو محکمہ آبپاشی کے سیکرٹری کے دستخط شدہ پنجاب کے محکمہ آبپاشی کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ گورنر پنجاب آبپاشی کے مقاصد کے لیے اہمفصلوں کے لیے آبیانہ (پانی کے نرخ) پر نظر ثانی کرنے پر خوش ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق خریف کی فصلوں کیلئے پانی کے نرخ بڑھ گئے ہیں جس میں گنے کی فصل1600 روپے فی ایکڑ، چاول2000روپے، کپاس1000 روپے،سبزیاں1200روپے، مکئی1200روپے، باغات 1000روپے اور پھل 1000روپے فی ایکڑ شامل ہیں۔ خریف کی فصلوں کیلئے پانی کی قیمت گندم 400روپے، چنا 200روپے، (دالیں 400روپے، تیل کا بیج 400روپے، ربیع اور خریف دونوں موسموں میں چارہ400روپے)، سبزیاں 1200روپے، پھل 1000روپے فی ایکڑ کردی گئی ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب حکومت نے منظور شدہ باغات کے لیے پانی کی اضافی قیمت کے طور پر 2000روپے فی ایکڑ اور سرکاری لفٹ اریگیشن کیلئے ہر سال 2250روپے فی ایکڑ کی قیمت کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔