دھاندلی زدہ الیکشن کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے: خالد مقبول صدیقی

December 11, 2023

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی----فائل فوٹو

ایم کیو ایم پاکستان کےسربراہ خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہدھاندلی زدہ الیکشن کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔

کراچی میں پاکستان ہاؤس میں مصطفیٰ کمال، امین الحق، رؤف صدیقی سمیت دیگر رہنماؤں کے ہمراہپریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2018ء کے عام انتخابات کے نتائج کس طرح مرتب ہوئے دنیا کو پتہ ہے۔

خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ کراچی اپنی حقیقی نمائندگی سے محروم ہوا ہے، ان لوگوں نے اس شہر کی نمائندگی کی جو اس شہر کے نہیں تھے، جلد سے جلد انتخابات کی اس شہر کو سب سے زیادہ ضرورت ہے۔

ایم کیو ایم کے سربراہ نے کہا کہ ہم جلد لیکن شفاف اور غیر جانبدارانہ اور قابل قبول انتخابات چاہتے ہیں، سندھ میں نگراں حکومت 15 سال کی حکومت کا تسلسل ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ریاست کو بتانا چاہتے ہیں ہمیں انتخابات کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، انتخابات صاف شفاف صرف ہونے نہیں بلکہ نظر بھی آنا چاہیے، اس وقت انتخابات صاف و شفاف ہوتے نظر نہیں آرہے ہیں۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایسے انتخابات کو یہ شہر کسی طور قبول نہیں کرے گا، ہم سڑکوں پر لا کر اپنا مینڈیٹ منوائیں گے، نگراں وزیرِ اعظم آپ کا کام ہے کہ شفاف انتخابات کرائیں، کمیشن ممبر نثار درانی پیپلز پارٹی کے عہدیدار رہ چکے ہیں، اعجاز انور چوہان اور نثار درانی کے ہوتے ہوئے انتخابات تسلیم نہیں کریں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ حیدر آباد اور کراچی کی بلدیاتی حکومتیں شہروں کی نمائندگی نہیں کرتی، پری پول رگنگ ہو چکی ہے، اسے ٹھیک نہ کیا گیا تو عوام خود بتائیں کہ کیا کرنا ہے۔