پاکستان کو نئے ویرینٹ کیخلاف کووڈ ویکسین امریکا سے چند دنوں میں ملے گی

January 01, 2024

تصاویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

پاکستان کو چند دنوں میں امریکا سے فائزر کی نئی کووڈ 19 کی ویکسین مل جائے گی۔

وفاقی حکام کےمطابق امریکا سے کووڈ ویکسین کی 2 لاکھ ڈوزز کی آمد چند دنوں میں متوقع ہے، نئی فائزر کووڈ ویکسین کی مزید 3 لاکھ ڈوزز بھی اسی مہینے مل جائیں گی۔

وفاقی حکام نے بتایا ہے کہ فائزر کی نئی ویکسین کووڈ 19 کے نئے ویرینٹس کے خلاف بھی مؤثر ہے، یہ کووڈ ویکسین حجاج کرام اور ہائی رسک لوگوں کو لگائی جائے گی۔

وفاقی حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ابھی تک نئے کورونا ویرینٹ جے ایم 1 کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے، پاکستان میں ابھی کووڈ 19 کے کیسز کی شرح ایک فیصد سے بھی کم ہے۔

واضح رہے کہ امریکا، برطانیہ اور بھارت میں کورونا کے نئے ویرینٹ جے این 1 کے کیسز سامنے آ ئے ہیں۔

کورونا کے نئے ویرینٹ جے این 1 سے بھارت میں اموات بھی ہوئی ہیں۔

امریکا میں کورونا کے نئے ویرینٹ سے متاثرہ افراد کی اسپتالوں میں آمد میں اضافہ ہوا ہے۔