کراچی کی 30 سے زائد نشستوں کے نتائج کیخلاف درخواستوں پر الیکشن کمیشن کو نوٹس

February 12, 2024

کراچی کی 30 سے زائد نشستوں کے نتائج کے خلاف درخواستوں کی سماعت پر سندھ ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن اور وفاق کو 13 فروری کیلئے نوٹس جاری کردیا۔

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے ریمارکس دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کے وکیل سے کہا کہ کل تک جواب دیں کہ آپ نے کیا کارروائی کی؟ اگر فارم 45 اور فارم 47 میں تضاد ہے تو اس کا جائزہ لیں۔

عدالت نے درخواست گزاروں کو درخواست اور فارم 45 الیکشن کمیشن کو بھیجنے کی ہدایت کردی۔

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم کوئی حکم جاری نہیں کر رہے، آپ اسمارٹ بننے کی کوشش مت کیجیے گا، اگر اسمارٹ بننے کی کوشش کریں گے تو نتائج کیلئے بھی تیار رہیے گا۔

پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار عالمگیر خان کے وکیل نے کہا کہ عالمگیر خان نے 1 لاکھ ووٹ لیے مگر ان کے ووٹ1 ہزار کر دیے گئے۔