اتحادی حکومت کے 3 بڑے پارٹنر ہیں، رانا ثناء

February 21, 2024

مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر اور سابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت کے 3 بڑے پارٹنر ہیں، مل کر سارے معاملات اچھے طریقے سے طے ہوں گے۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کے دوران رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ کچھ چیزیں طے ہونے کے بعد پبلک ہوگئیں اور کچھ نہیں ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت میں 3 بڑے پارٹنر ن لیگ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم ہیں، یہ حکومت اچھا کرے گی تو سب کو کریڈٹ ہوگا۔

رانا ثناء اللّٰہ نے مزید کہا کہ اگر اتحادی حکومت اچھا نہیں کرے گی تو سب کو ڈس کریڈٹ ہوگا، مل کر سارے معاملات اچھے طریقے سے طے ہوں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ یہ صرف 3 جماعتیں ہیں، شہباز شریف نے 13جماعتوں کا اتحاد 16ماہ چلایا، ہم نے اگر کوشش کی ہے تو برا نہیں کیا۔

ن لیگ پنجاب کے صدر نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی حکومت بنانا چاہتی ہے تو بنالے، ہم نے کب روکا ہے؟ وہ تو کہتے ہیں ہم نے کسی سے بات نہیں کرنی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں کو کسی کے ساتھ نہیں بیٹھنا، ان کی سیاست علیحدہ ہے، میرا ذاتی مؤقف ہے، یہ ایک فتنہ ہے ملک کو کسی حادثے سے دوچار کرے گا۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ عام آدمی کو بھی نظر آنا شروع ہوگیا ہے کہ وہ حادثہ کوئی زیادہ دور نہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے کوئی فاصلہ اختیار نہیں کیا، پنجاب اور وفاقی حکومت مذاکرات میں جو بھی فیصلے ہوئے، وہ ان کی رضامندی سے ہوئے۔

ن لیگ پنجاب کے صدر نے کہا کہ اتحادی حکومت بنانے، چلانے اور مذاکرات کرنے میں شہباز شریف مہارت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ہماری موجودگی میں مشورے کے بعد کہا ایسی صورتحال میں شہباز شریف بہتر کام کرسکتے ہیں، ن لیگ قائد کہہ چکے ہیں کہ میری رہنمائی ن لیگی صدر کو حاصل رہے گی۔