ٹی ٹوئنٹی میں تیز ترین 10 ہزار رنز، بابر نے نیا ریکارڈ قائم کردیا

February 22, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ایک اور اعزاز اپنے نام کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی میں دس ہزار رنز مکمل کر لئے۔ انہوں نے 271اننگز کھیل کر اس فارمیٹ میں تیز ترین 10ہزار مکمل کرکے کرس گیل کو پیچھے چھوڑ دیا۔ کرس گیل285اور بھارت کے ویرات کوہلی 299ٹی 20اننگز میں 10ہزار رنز مکمل کرکے بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ بابر سے قبل پاکستان کی جانب سے شعیب ملک کو یہ اعزاز حاصل تھا۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی دنیا میں صرف 12بیٹرز یہ سنگ میل عبور کرچکے ہیں جن میں کرس گیل، شعیب ملک، کیرون پولارڈ، ایلکس ہیلز، ڈیوڈ وارنر، ویرات کوہلی، ایرون فنچ، روہت شرما، جوش بٹلر، کولن منرو، جیمز ونس اور ڈیوڈ ملر شامل ہیں۔