یونائیٹڈ پر گلیڈی ایٹرز بھاری، فتوحات کی ہیٹ ٹرک کی، لو اسکورنگ میچ میں کامیاب

February 23, 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر/ جنگ نیوز) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ایچ بی ایل پی ایس ایل میں کامیابیوں کی ہیٹ ٹرک کرلی۔لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان رائیلی روسو نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ قیادت اور انتظامیہ میں تبدیلی کے بعد گلیڈی ایٹرز نے لو اسکورنگ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو تین وکٹ سے زیر کرلیا۔ میچ میں ’’چھوٹا ڈان ‘‘ سعود شکیل چلے نہ ابھرتے ہوئے اسٹار خواجہ نافع۔ کپتان رائیلی روسو نے قیادت کا حق ادا کرتے ہوئے میچ فنش کیا، وہ 34 اور محمد عامر چھ گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے 11 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ عامر کے چوکوں نے فتح یقینی بنائی۔ جیسن رائے نے 18 گیندوں پر 37 اور شرفین ردر فورڈ نے 29 رنز بنائے۔ نسیم شاہ اور شاداب خان نے دو دو وکٹیں لیں، نسیم کے بھائی حنین شاہ نے سپر لیگ ڈیبیو پر پہلی ہی گیند پر جیسن رائے کو آئوٹ کیا۔ سرفراز احمد اس بار بھی بیٹنگ میں ناکام رہے، وہ صرف ایک ہی رن بناسکے۔ قبل ازیں سپر لیگ سیزن 9 کے آٹھویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلئے 139 رنز کا ہدف دیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوور میں9 وکٹ پر 138 رنز بنائے، آغا سلمان 33 رنز بناکر نمایاں رہے، فہیم اشرف ، کولن منرو نے 20 ، 20 اور جارڈن کاکس نے 19 رنز بنائے۔ پاور ہٹر اعظم خان اور عماد وسیم کا بلا اس بار بھی خاموش رہا۔ عماد وسیم 9 ، شاداب خان 2 اور اعظم خان ایک رن بناسکے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد وسیم اور ابرار احمد نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔ عقیل حسین نے 2 اور محمد حسنین نے ایک وکٹ لی۔